کاروار:10؍فروری (ایس اؤ نیوز)ریاستی الیکشن کمشنر ڈاکٹر سنجیو کمار نے ہلیال تعلقہ سامبرانی کے گرڈولی مضاف کا دورہ کرتےہوئے قبائلی طبقے پر مشتمل رائے دہندگا ن کی فہرست کا جائزہ لیا۔ اس دیہات میں قبائلی طبقے کے لوگ ہی کثیر تعداد میں رہنےکی وجہ سے اس پر خاص توجہ دینےکی بات کہی جارہی ہے۔
دیہی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمشنر نے ان کی شکایات کو وصول کیا۔ الیکشن کمشنر نے نوجوان ووٹروں کے نام، فہرست سے نکلے ہوئےناموں کی خود جانچ کی۔دوران گفتگو انہوں نے عوام کو ووٹ اور الیکشن کی اہمیت کو سمجھایا۔ انہیں بتایا کہ آپ لوگ قبائلی طبقے سے تعلق رکھتے ہیں ، ملک کے دیگر عوام کی طرح آپ کو بھی الیکشن میں شریک ہونےکا حق ہے ، انہوں نے عوام الناس کو اس طریقے کارکو اپناتے ہوئے جمہوری نظام کو مضبوط کرنےکی صلاح دی اور کہا کہ اسی بیداری کو پیدا کرنےکےلئےانہوں نے متعلقہ دیہات کادورہ کیا ہے۔
ہلیال تعلقہ کے گرڈولی مضاف میں قریب 80گھر ہیں ، جن میں قبائلی طبقے کی اکثریت ہے ۔ مضاف میں 150سے زائد ووٹرس ہیں۔ایک پسماندہ دیہات کو کسی بھی الیکشن کمشنر کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اس تعلق سے عوام سے گفتگو کرنا اور رائے دہندگان کی فہرست کی خود جانچ کرنا خاص بات تھی۔ اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے ہریش کمار، اسسٹنٹ کمشنر ودیا شری چندرگی اور محکمہ تحصیل کے افسران موجود تھے ۔ دیہی عوام نے افسران کا روایتی انداز میں استقبال کیا۔